اسلام آباد . جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے حلف لیا۔ وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں شرکت کی۔
جسٹس عمر عطا بندیال چار دسمبر 2004 کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر فائز ہوئے۔ انہوں نے نومبر 2007 میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا لیکن ملک میں عدلیہ اور آئینی حکمرانی کی بحالی کے لیے وکلا اور سول سوسائٹی کی تحریک کے نتیجے میں انہیں لاہور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر بحال کر دیا گیا۔ انہوں نے جون 2014 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر اپنی ترقی تک لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر دو سال خدمات انجام دیں۔
لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے کیریئر کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے کئی اہم عوامی قانون اور نجی قانون کے مسائل پر فیصلے سنائے۔ ان میں سول اور تجارتی تنازعات، آئینی حقوق اور مفاد عامہ کے معاملات شامل ہیں۔ انہوں نے 1987 تک پنجاب یونیورسٹی لا کالج لاہور میں کنٹریکٹ لا اور ٹارٹس لا پڑھایا اور لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے اس کی گریجویٹ سٹڈیز کمیٹی کے رکن رہے۔
سپریم کورٹ کے قانون کے مطابق جسٹس عمر عطابندیال 63 سال کی عمر میں دو فروری 2022 سے 16 ستمبر 2023 تک ایک سال چھ ماہ اور 25 دن کے لیے چیف جسٹس رہیں گے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام