صفحہ اول / پاکستان / ملک میں بجلی کے13لاکھ 89ہزار 184کنڈا کنکشنز کا انکشاف

ملک میں بجلی کے13لاکھ 89ہزار 184کنڈا کنکشنز کا انکشاف

اسلام آباد ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک میں بجلی کے13لاکھ 89ہزار 184کنڈا کنکشنز ہیں، سب سے زیادہ کنڈا کنکشن سیپکو میں ہیں،جہاں پانچ لاکھ 93ہزار 913کنڈا کنکشنز ہیں، پیسکو میں 4لاکھ 8ہزار 323، حیسکو میں 2لاکھ 77ہزار 793، میپکو میں ایک لاکھ پانچ ہزار 856، کیسکو میں 2ہزار496اور آئیسکو میں 803 کنڈا کنکشنز ہیں، جبکہ لیسکو ، گیپکو ، فیسکو اورٹیسکومیں کوئی کنڈا کنکشن نہیں ہے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں تمام کنڈا کنکشنزکی ضلع وائز تفصیلات طلب کر لیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی صدارت میں ہوا، کمیٹی نے ایم ڈی جینکو ہولڈنگ کمپنی لیمٹڈ( جی ایچ سی ایل) کی آسامی کے لیئے اشتہار نہ دیئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا، رکن کمیٹی سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ اگر کمٹمنٹ کی ہے تو اس کو پورا کیوں نہیں کیا؟سیکرٹری توانائی نے کمیٹی کو بتایا کہ کمیٹی کی سفارش بورڈ کو بھیج دی گئی بورڈ فیصلہ کرے گا ، تین تاریخ کو بورڈ کی میٹنگ ہو گی، نیا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، اس میٹنگ میں انہوں نے اس موضوع پر غور کرنا ہے، بورڈ نے پراسس مکمل کرنا ہے، بورڈکے ایجنڈا میں یہ شامل ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بورڈ کس کو جوابدہ ہے؟ جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے اس کی وجہ کوئی اور ہے، کمیٹی تو رپورٹ دے گی ،ہم تو آنکھیں بند نہیں کر سکتے،اشتہار کے لیئے بورڈ کے پاس وقت نہیں ہے، بہرہ مند تنگی نے کہا کہ بورڈ کسی کو جوابدہ نہیں ہے تو پھر کیا کریں؟سیکرٹری نے کہا کہ اس کے اندر کوئی جان بوجھ کر تاخیر نہیں ہے۔ کمیٹی نے معاملے کی رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا، کمیٹی نے حیسکو بورڈ کی میٹنگز اور ان پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

اجلاس میں بجلی کے کنڈا کنکشنز کا معاملہ بھی زیر غور آیا،ملک میں 3 کروڑ 16 لاکھ 49 ہزار536 ریگولر کنکشنز ہیں ، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں کنڈا کنکشنز کی اضلاع کی سطح پر تفصیلات مانگ لیں، رکن کمیٹی بہرہ مند تنگی نے کہا کہ اگر پتہ ہے کہ کنڈا ہے تو وہ کنڈا ختم کیوں نہیں ہورہا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس کوکیسے کنٹرول کرنا ہے اس کی پالیسی بتائیں، کنڈا کلچر ہمیں ختم کرناہے۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے