صفحہ اول / پاکستان / فارن فنڈنگ کیس،PTI کی اربوں روپوں کی بے قاعدگیاں ثابت ہو چکی،اکبر ایس بابر

فارن فنڈنگ کیس،PTI کی اربوں روپوں کی بے قاعدگیاں ثابت ہو چکی،اکبر ایس بابر

اسلام آباد . پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور منحرف راہنماءاکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک کے ریکارڈ کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جانیوالا سرٹیفیکیٹ جعلی اور جھوٹا ثابت ہو چکا ہے جو کہ ہمارے موقف کی تصدیق ہے۔

فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی جانب سے اربوں روپوں کی بے قاعدگیاں ثابت ہو چکی ہیں،پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے چار ملازمین کے ذاتی اکاؤئنٹس میں بڑے پیمانے پر آنے وا لی ملکی و غیر ملکی غیر قانونی رقوم کو خفیہ رکھا گیا، یہ پاکستان کی تاریخ کا طویل میچ تھا اور عمران خان اس سے بھاگ رہے ہیں.

عمران خان آپ میچ ہار چکے ہیں عمران خان جتنی مرضی نو بالیں کروالیں یہ میچ ہار چکے ہیں ،ناقابل تردید شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو قانونی نوٹس جاری اور انکے ہمراہ مالی بے قائدگیوں میں ملوث دیگر افراد کیخلاف باضابطہ کارروائی شروع کی جائے.

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ سات سال اور چار ماہ بعد آخرکار فارن فنڈنگ کیس کے چشم کشا حقائق سامنے آگئے ہیں،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فراہم کردہ مصدقہ سرکاری ریکارڈ سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بڑے پیمانے پر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں.

دستاویزات کے مطابق عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں 2009ء سے 2013 ء تک کے چار سالہ عرصے میں غلط جعلی اور جھوٹے سرٹیفیکیٹ اور ڈیکلریشن جمع کرائے،اہم معلومات چھپائیں،اور اربوں کی غیر ملکی فنڈنگ کو خفیہ رکھا جن میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے چار ملازمین کے ذاتی اکاؤئنٹس میںبڑے پیمانے پر آنے وا لی ملکی و غیر ملکی غیر قانونی رقوم بھی شامل ہیں.

اس کے علاوہ سینٹرل سیکریٹریٹ میں وصول کی جانے والی نقد رقوم کا ریکارڈ بھی غائب ہے، قانون کے مطابق شہری اپنی پسندیدہ پارٹی کو فنڈز دے سکتا ہے تاہم کوئی بھی شہری جب فنڈز دے گا وہ ریکارڈ کا حصہ ہونا لازمی ہے،پی ٹی آئی خود کہتی ہے کہ ساڑھے چار لاکھ ڈالر پیسے اکاونٹس میں آئے لیکن اسکی تفصیلات موجود نہیں ہیں.

پی ٹی آئی بوکھلا گئی ہے انہوں نے میرے خلاف درخواست دی کہ اکبر ایس بابر کی نیت ٹھیک نہیں ہےمیں آج بھی پی ٹی آئی کا ممبر ہوں الیکشن کمشن کا قانون ہے کہ پارٹی رکن اپنی پارٹی سے تفصیلات لے سکتا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا طویل میچ تھا جوکہ عمران خان ہار چکے ہیں اور اس سے بھاگ رہے ہیں چاہے وہ جتنی مرضی نو بالیں کروالیں، عمران خان نے ریاست مدینہ کی دھجیا ںاڑائی ہیں.

انہوں نےپی ٹی آئی کو مثالی جماعت بنانا تھا ،احتساب کا عمل خود سے شروع کرنا تھا مگر جو وہ کر رہے ہیں وہ دنیا کے سامنے ہے، مدینہ کی ریاست کا یہ عمل نہیں کہ حکمران کو احتساب سے الگ کر دو، اب عمران خان کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی اور انکا انجام بہت قریب آن پہنچا ہے۔

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے