راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ایل او سی سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور پولیس لائنز دھماکے کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، ایسی کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کامیابی کے عزم کوتقویت دیتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف زیروٹالیرنس پالیسی پرگامزن ہیں، پائیدارامن کیلئے انسداددہشتگردی کارروائیوں پرتوجہ مرکوزرکھی جائے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کو تبدیل کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ عسکری قیادت نے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں شرکا کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات، سلامتی کی صورت حال اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے اور ان کے سپورٹ میکنزم کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ: قلب نیوز ڈاٹ کام ۔۔۔۔۔ کا کسی بھی خبر اورآراء سے متفق ہونا ضروری نہیں. اگر آپ بھی قلب نیوز ڈاٹ کام پر اپنا کالم، بلاگ، مضمون یا کوئی خبر شائع کر نا چاہتے ہیں تو ہمارے آفیشیل ای میل qualbnews@gmail.com پر براہ راست ای میل کر سکتے ہیں۔ انتظامیہ قلب نیوز ڈاٹ کام